غزہ امن بورڈ اجلاس: وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن پہنچ گئے
اسلام آباد (صداۓ روس)
امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پر دورہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی افتتاحی سیشن میں شریک ہوں گے. دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر اہم ملاقاتیں متوقع، 20 فروری تک قیام. وزیراعظم پاکستان شہباز شریف غزہ امن بورڈ (بورڈ آف پیس) کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ یہ اجلاس 19 فروری کو منعقد ہو رہا ہے جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شرکت کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی خصوصی دعوت پر یہ دورہ ہو رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں جبکہ اجلاس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی بات چیت ہوگی۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا امریکا میں قیام 20 فروری تک جاری رہے گا۔ یہ دورہ پاکستان کی جانب سے غزہ امن عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔