زمبابوے ناقابل شکست، سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سپر ایٹ میں پہنچ گئی
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں افریقی ٹیم زمبابوے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست رہ کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ کولمبو میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں زمبابوے نے میزبان سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ پاتھم نسانکا نے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ پاون رتنانائیکے نے 44 رنز کا حصہ ڈالا۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے آخری اوور میں 179 رنز بناکر میچ جیت لیا۔ برائن بینیٹ نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سکندر رضا نے 45 اور مارومانی نے 34 رنز بنائے۔ زمبابوے نے گروپ مرحلے میں اپنے تمام میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ ٹیم نے چار میچز میں سے تین جیتے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ اس نے سری لنکا کے علاوہ آسٹریلیا اور عمان کو بھی شکست دی۔ نتیجے کے طور پر زمبابوے نے 7 پوائنٹس حاصل کر کے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور بھارت، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی طرح ناقابل شکست رہ کر سپر ایٹ میں داخل ہو گئی۔