ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی نائب صدر JD Vance کا متوقع دورۂ پاکستان مؤخر کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی جانب سے مذاکرات پر واضح جواب نہ آنے کے باعث کیا گیا، جس کے نتیجے میں مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے ان کا دورہ فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ معاملے سے باخبر امریکی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ جے ڈی وینس کا دورۂ پاکستان کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے CNN نے رپورٹ کیا تھا کہ نائب صدر کی امریکا سے پاکستان روانگی کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔ مذاکرات سے قریبی ذرائع کے مطابق White House نے بتایا ہے کہ ایران سے متعلق مذاکرات پر مزید غور کے لیے واشنگٹن میں اضافی اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن میں جے ڈی وینس بھی شریک ہوں گے۔ حکام کے مطابق یہ پالیسی سطح کی اہم میٹنگز وہائٹ ہاؤس میں ہوں گی تاکہ آئندہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔
اس سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ جے ڈی وینس ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ امریکی خبر رساں ادارے Associated Press نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ امریکا اور ایران کی جانب سے اشارے مل رہے ہیں کہ دونوں ممالک دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل اسلام آباد میں مذاکرات کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی کی مدت بدھ کو ختم ہو رہی ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان Esmail Baghaei نے کہا ہے کہ مذاکرات میں شرکت کے لیے وفد بھیجنے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ایک بیان میں امریکا پر الزام عائد کیا کہ اس نے سمندر میں دو ایرانی بحری جہازوں کے خلاف کارروائی کر کے بحری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے۔