وزیراعظم شہباز شریف کا یوم مزدور پر محنت کشوں کو خراج تحسین

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

اسلام آباد (صداۓ روس)

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کش مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یکم مئی 2026 کو جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقات کی قربانیاں زندگی کو رواں دواں رکھتی ہیں اور معاشرے کے یہ بے لوث جفاکش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مزدور اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک ہماری قومی قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے سمندر پار لاکھوں پاکستانی محنت کشوں کو قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر قرار دیا اور کہا کہ ان کی محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ہنرمندی اور پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ نیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت جامع حکمت عملی بنائی گئی ہے جس کے تحت بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفیکیشن یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی ادارے بشمول ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ انہوں نے آج کے دن تجدید عہد کرنے کی اپیل کی کہ سب مل کر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔