ایران کی جانب سے یو اے ای پر کروز میزائل حملہ، اماراتی وزارتِ دفاع

Iran attack on Dubai Iran attack on Dubai

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے یو اے ای پر چار کروز میزائل فائر کیے گئے۔ وزارت کے مطابق ان میں سے تین میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ ایک میزائل سمندر میں جا گرا۔ اماراتی حکام کے اس بیان پر ایران کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے کے نتیجے میں فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے فجیرہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
اس سے قبل دبئی میں ممکنہ میزائل حملے کے خطرات کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ حکام کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز پر بھیجے گئے پیغامات میں انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور مزید ہدایات کا انتظار کریں۔ بعد ازاں ایک اور پیغام میں صورتحال کو وقتی طور پر محفوظ قرار دیتے ہوئے شہریوں کو معمولات زندگی بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔
تاہم کچھ ہی دیر بعد حکام کی جانب سے تیسرا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا، جس میں میزائل اور ڈرون حملوں کے ممکنہ خطرات سے دوبارہ خبردار کیا گیا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق اماراتی دفاعی افواج مسلسل متحرک ہیں اور فضا میں موجود مشتبہ اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والے دھماکوں اور غیر معمولی آوازوں کی وجہ یہی دفاعی کارروائیاں ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، جب تک صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہ آ جائے اور خطرہ ختم ہونے کا باضابطہ اعلان نہ کر دیا جائے۔