امریکہ نے جرمنی میں ٹوماہاک میزائل تعیناتی کا منصوبہ مؤخر کر دیا

Tomahawk missile Tomahawk missile

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

جرمنی کے چانسلر Friedrich Merz نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ مستقبل قریب میں جرمنی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹوماہاک کروز میزائل تعینات نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا امریکی صدر Donald Trump کے ساتھ ان کے اختلافات سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کی بنیادی وجہ امریکی ذخائر کی کمی ہے۔
مرز نے یہ بات جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو ایک انٹرویو میں بتائی اور کہا کہ سابق امریکی صدر Joe Biden کی جانب سے دیا گیا وعدہ فی الحال پورا نہیں ہو سکے گا۔ ان کے مطابق “امریکہ کے پاس خود اس وقت کافی میزائل موجود نہیں ہیں”، جس کے باعث ان نظاموں کی جرمنی منتقلی تقریباً ناممکن ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں اس منصوبے پر عملدرآمد کا امکان مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
یہ منصوبہ جولائی 2024 میں Joe Biden اور اس وقت کے جرمن چانسلر Olaf Scholz کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت امریکہ 2026 سے جرمنی میں مرحلہ وار طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار تعینات کرنے والا تھا، جن میں ٹوماہاک میزائل، ایس ایم-6 اور جدید ہائپرسونک ہتھیار شامل تھے۔
مرز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ یوٹرن ان کے اور ٹرمپ کے درمیان حالیہ تلخ بیانات سے متعلق نہیں۔ اس سے قبل مرز نے ایران جنگ کے حوالے سے امریکی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن کے پاس کوئی واضح حکمت عملی نہیں اور امریکہ کو ایرانی قیادت کے ہاتھوں سبکی کا سامنا ہے۔ اس پر ٹرمپ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مرز کو “کچھ معلوم نہیں” اور انہیں اپنے ملک کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے دوران امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے جرمنی سے تقریباً 5 ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا اعلان بھی کیا، جبکہ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق امریکہ کو واقعی اپنے اسلحہ ذخائر میں کمی کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے ساتھ حالیہ تنازع میں امریکہ 850 سے زائد ٹوماہاک میزائل استعمال کر چکا ہے، جو پینٹاگون کی سالانہ خریداری کی اوسط شرح سے کئی گنا زیادہ ہے۔
ٹوماہاک ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا کروز میزائل ہے، جو عموماً بحری جہازوں اور آبدوزوں سے داغا جاتا ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس کے جدید ورژن تقریباً 1600 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور تقریباً 450 کلوگرام وزنی روایتی وارہیڈ لے جا سکتے ہیں۔