ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ چین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر بدھ کی شام بیجنگ پہنچیں گے، جہاں ان کے اعزاز میں جمعرات کی شام خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان مشترکہ تجارتی اور سرمایہ کاری بورڈ کے قیام پر کام کیا جائے گا، جبکہ دونوں ممالک ایرو اسپیس، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور مذاکرات کو بھی آگے بڑھائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اس دورے کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارتی تعاون اور عالمی صورتحال پر بھی اہم گفتگو متوقع ہے۔
دوسری جانب بعض حلقوں میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورۂ چین کے دوران پاکستان کا مختصر دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی میں نور خان ایئر بیس پر ممکنہ مختصر قیام زیرِ غور بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ یا حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ دورہ طے پاتا ہے تو یہ خطے کی سفارتی اور جغرافیائی سیاست میں اہم پیش رفت تصور کیا جائے گا۔