قازان / حسن رضا
روس کے شہر قازان میں جاری روس – اسلامی دنیا: قازان فورم 2026 کے دوران روس کے معروف مذہبی رہنما اور مفتیِ روس راویل گائین الدین نے صدائے روس کے چیف ایڈیٹر اشتیاق ہمدانی کے صحافتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر روس سے متعلق ان کی خبریں اور رپورٹس دیکھتے اور ترجمہ کے ذریعے پڑھتے رہتے ہیں۔ قازان فورم کے پلیٹ فارم پر ہونے والی مختصر گفتگو کے دوران مفتیِ روس نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ اشتیاق ہمدانی پاکستان اور روس کے درمیان مثبت، متوازن اور تعمیری صحافتی کردار ادا کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور باہمی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار صحافت مختلف اقوام، ثقافتوں اور معاشروں کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور بہتر تعلقات کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے، جبکہ میڈیا امن، برداشت اور بین الثقافتی مکالمے کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔

اس موقع پر اشتیاق ہمدانی نے مفتیِ روس کی نیک خواہشات اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات، ثقافتی روابط اور مثبت سفارتی ماحول کو اجاگر کرنا ان کی صحافتی ذمہ داری کا حصہ ہے۔ گفتگو کے دوران عالمی امن، مذہبی ہم آہنگی اور مختلف اقوام کے درمیان تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ فورم میں شریک مختلف ممالک کے نمائندوں نے ایسے روابط کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔