امریکا میں ایئر شو کے دوران دو جدید جنگی طیارے تباہ، پائلٹس محفوظ

F-18 F-18

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکہ میں ایک سنسنی خیز ایئر شو کے دوران دو جدید جنگی طیارے فضا میں خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ تاہم خوش قسمتی سے دونوں طیاروں میں سوار چاروں اہلکار بروقت ایجیکٹ کر کے محفوظ رہے۔ امریکی نیوی کے مطابق یہ حادثہ ریاست ایڈاہو کے ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس کے قریب جاری ’’گن فائٹر اسکائیز ایئر شو‘‘ کے آخری روز پیش آیا۔ دونوں طیارے خطرناک کرتب دکھا رہے تھے جب اچانک حادثہ ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد دونوں طیاروں میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایئر شو کی باقی سرگرمیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئیں اور فوجی بیس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس کے گن فائٹرز نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ تمام چاروں فضائی اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیارے امریکی نیوی کے جدید ای اے-18 جی گراولر الیکٹرانک وار فیئر طیارے تھے، جن کی فی طیارہ مالیت تقریباً 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔ امریکی حکام نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔