اسلام آباد (صداۓ روس)
واپڈا کے پن بجلی گھروں نے گزشتہ روز پیک آورز کے دوران نیشنل گرڈ کو 6 ہزار 118 میگاواٹ بجلی فراہم کی، جو 6 ہزار میگاواٹ کے ہدف سے تجاوز ہے۔ 18 مئی 2026 کو ارسا کی جانب سے ملک کے بڑے آبی ذخائروں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کیے جانے کے بعد پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا پاور ہاؤس سے 2 ہزار 332 میگاواٹ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے ایک ہزار 95 میگاواٹ، غازی بروتھا سے ایک ہزار 160 میگاواٹ، منگلا سے 930 میگاواٹ، وارسک سے 135 میگاواٹ اور چشمہ سے 101 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف درمیانے اور چھوٹے پن بجلی گھروں سے 365 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔ واپڈا پن بجلی نیشنل گرڈ میں سستی ترین اور ماحول دوست توانائی کا ذریعہ ہے جو پورے انرجی سیکٹر کو سبسیڈائز کرتی ہے۔