ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسافر ٹرین پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایک بین الاقوامی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز کوئٹہ کے چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر کار بم دھماکہ ہوا تھا۔ اس حملے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ٹرین کو شدید نقصان پہنچا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق شہداء میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 3 جوان بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں متعدد خواتین اور بچے بھی ہیں۔