ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
آسٹریلیا میں ایک 38 سالہ شخص شارک مچھلی کے حملے میں ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ مغربی آسٹریلیا میں ایک جزیرے کے قریب پیش آیا۔ یہ رواں ماہ اس ملک میں شارک کے حملے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 مئی کو پرتھ کے قریب ایک شخص شارک کے حملے میں زخمی ہوا تھا۔ تحفظ فطرت کے لیے کام کرنے والے اداروں کے مطابق آسٹریلیا میں ہر سال اوسطاً تقریباً 20 شارک حملے رپورٹ ہوتے ہیں، تاہم ان میں سے زیادہ تر جان لیوا نہیں ہوتے۔ ساحلی علاقوں میں ڈوبنے کے واقعات شارک حملوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ جنوری میں سڈنی سمیت مشرقی ساحلی علاقوں میں صرف دو دن میں چار شارک حملے رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد متعدد ساحل عارضی طور پر بند کر دیے گئے تھے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں شارک حملوں میں اضافہ ممکنہ طور پر سمندری درجہ حرارت میں تبدیلی، ماحولیاتی تبدیلیوں اور ساحلی علاقوں میں انسانی سرگرمیوں کے بڑھنے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔