نماز عید کے بڑے اجتماعات، لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی قربانی میں مصروف

Eid Ul Adha Eid Ul Adha

اسلام آباد (صداۓ روس)

ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ لاکھوں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی یاد میں نماز عید ادا کرنے کے بعد قربانی کی سعادت حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔
صبح سویرے نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد کیے گئے۔ اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد سمیت مختلف مقامات پر نماز عید ادا کی گئی اور افواج پاکستان، قومی سلامتی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
لاہور میں جامعہ نعیمیہ سمیت شہر کی بڑی مساجد میں اجتماعی نماز عید ادا کی گئی۔ پشاور میں مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ کراچی میں گرومندر سبیل والی مسجد میں نماز عید ادا کی گئی جہاں علمائے کرام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کے فلسفے پر خطاب کیا۔
حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایک ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ نماز کے بعد شہریوں نے اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔
نماز عید کے بعد قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ لوگ قربانی کے گوشت کو غرباء و مساکین میں تقسیم کر رہے ہیں تاکہ عید کی خوشیاں سب کے ساتھ بانٹی جا سکیں۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ پر ہیں۔ میونسپل اداروں نے صفائی کے خصوصی پلان کے تحت قربانی کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے کے لیے ٹیمیں تعینات کر رکھی ہیں۔