ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے شریک میزبان ملک میکسیکو نے ایرانی ٹیم کو ایونٹ کے دوران قیام کی اجازت دے دی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب امریکہ نے ایرانی اسکواڈ کو اپنے ہاں ٹھہرانے سے معذرت کر لی۔
میکسیکن صدر کلاڈیا شینبام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “امریکہ نہیں چاہتا کہ ایرانی ٹیم وہاں رات گزارے، حالانکہ ایران کو اپنے تین میچز وہیں کھیلنے ہیں۔ فیفا نے ہم سے رابطہ کیا کہ کیا ایرانی ٹیم میکسیکو میں قیام کر سکتی ہے؟ جس پر ہم نے ہامی بھر لی۔ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔”
بعد ازاں فیفا نے بھی تصدیق کی کہ ایرانی ٹیم کا ٹریننگ بیس میکسیکو کے سرحدی شہر تیہوانا میں ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی مشترکہ میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں۔ ایران کو اپنے تینوں میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں کھیلنے ہیں۔
ایرانی وزیر کھیل احمد دونیامالی نے تصدیق کی ہے کہ فیفا کے صدر نے ایرانی کھلاڑیوں کو امریکی ویزوں کے حصول کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ایرانی فٹ بال فیڈریشن نے پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے بھی ویزوں کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا، تاہم پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والوں کو ویزہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کینیڈا نے بھی اسی بنیاد پر کچھ ایرانی حکام کو ویزے دینے سے انکار کر دیا تھا۔