قذافی اسٹیڈیم کی پچز غیر تسلی بخش قرار، آئی سی سی کا سخت اقدام

Cropped image of businessman holding gift box made from euro papernotes at wooden table

اسلام آباد (صداۓ روس)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ لندن کی پچز کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے اور دونوں وینیوز کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق لارڈز میں انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹیسٹ اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے تیسرے ون ڈے کی پچز پر میچ ریفریز نے تحفظات کا اظہار کیا۔ لارڈز ٹیسٹ کے میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ نے رپورٹ میں کہا کہ پچ پر غیر معمولی سیم موومنٹ اور غیر متوقع باؤنس کے باعث بیٹ اور بال کا توازن متاثر ہوا۔ دوسری جانب پاک-آسٹریلیا ون ڈے کے ریفری گریم لا بروئے نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو سست اور کم باؤنس والی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچ ون ڈے کرکٹ کے معیار پر پوری نہیں اتری اور اسپنرز کو شروع سے ہی مدد ملتی رہی۔ آئی سی سی نے انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو رپورٹس بھیج دی ہیں اور دونوں بورڈز کو اپیل کرنے کے لیے 14 روز کی مہلت دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کے خلاف اس سے قبل کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں تھا۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق غیر تسلی بخش پچ پر ایک جبکہ ناقابل کھیل پچ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔ کسی بھی وینیو کو 6 ڈی میرٹ پوائنٹس پر ایک سال اور 12 پوائنٹس پر دو سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔