رواں سال آذربائیجان وزٹ ویزے پر جانے والے 7 ہزار پاکستانی واپس نہیں آئے

Lahore airport Lahore airport

اسلام آباد (صداۓ روس)

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے عثمان انور نے بتایا ہے کہ رواں سال آذربائیجان کے وزٹ ویزے پر جانے والے 7 ہزار پاکستانی واپس نہیں آئے جبکہ 580 پاکستانی بیلاروس گئے اور واپس نہیں لوٹے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی ڈیپورٹیشن اور ویزوں کے غلط استعمال پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ یورپی یونین اور دیگر ممالک نے غیر قانونی طور پر جانے والے پاکستانیوں کے معاملے اٹھائے ہیں۔ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے پاکستانی پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں 10 ہزار پاکستانیوں نے طالب علم ویزے (اسٹوڈنٹ ویزے) کا غلط استعمال کیا اور پناہ مانگ لی۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق ملائیشیا اور ازبکستان کے ذریعے بھی نیا ہیومن اسمگلنگ کا روٹ سامنے آیا ہے۔ 2025 میں بغیر دستاویزات کے جانے والے 39 ہزار 786 افراد کو آف لوڈ کیا گیا جبکہ اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول کی وجہ سے 3 ہزار سے زائد افراد روکے گئے۔ لیبیا سے 175 پاکستانی گرفتار ہوئے جنہیں واپس لایا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ منظم بھکاریوں میں 75 فیصد کمی آئی ہے جبکہ جعلی دستاویزات کے کیسز میں بھی 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔