گجرات میں شیر کے جبڑے میں آدھے گھنٹے تک پھنسے نوجوان کی جان بچ گئی

Lion Lion

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

بھارتی ریاست گجرات میں ایک نوجوان پر شیر نے حملہ کر کے اسے اپنے جبڑوں میں جکڑ لیا، اور تقریباً تیس منٹ تک اس حالت میں رہنے کے بعد وہ معجزانہ طور پر زندہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ واقعہ پیر کو ضلع بھاونگر میں پیش آیا، جب کلوبھائی پرمار نامی شخص اپنے مویشیوں کو چارہ ڈالنے کے لیے باڑے میں گیا، جہاں ایک شیر پہلے سے موجود تھا۔ شیر نے فوراً حملہ کر کے اس کے بازو کو اپنے جبڑے میں جکڑ لیا، لیکن حیران کن بات یہ تھی کہ شیر اسے اسی طرح پکڑے بیٹھا رہا اور بعد ازاں بازو چھوڑ دیا، البتہ اسے اپنے پنجوں میں دبائے رکھا۔ اس کی چیخ و پکار پر مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی، جو بعد میں انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ 47 سیکنڈز کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر ایک زخمی شخص کو اپنے پنجوں میں پکڑے بیٹھا ہے، جبکہ لوگ شیر کو بھگانے کے لیے شور مچا رہے ہیں۔

شیر کی گرفت ڈھیلی ہوتے ہی کلوبھائی پرمار نے موقع سے فرار ہوکر اپنی جان بچائی، جس کے بعد لوگوں نے انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ ہسپتال میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کلوبھائی پرمار نے بتایا، “میں اپنی گائے کو چارہ ڈالنے گیا تو شیر وہاں پہلے سے موجود تھا اور فوراً حملہ کر دیا، اس نے مجھے نیچے گرایا اور بازو کو منہ میں پکڑ لیا اور تقریباً آدھے گھنٹے تک ایسے ہی بیٹھا رہا۔ اس کے بعد شیر کی گرفت کچھ ڈھیلی ہوئی تو میں نکلنے میں کامیاب ہوا۔” واقعے کی اطلاع ملنے پر انتظامیہ نے فوری کارروائی شروع کی، تاہم شیر کھیتوں کی طرف فرار ہوگیا۔

محکمہ جنگلات کے ڈپٹی کنزرویٹر چراغ امین نے پی ٹی آئی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جانور کو تنگ کیا گیا تھا، جس پر اس نے حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا، وہاں جنگلی جانور پہلے بھی آتے رہے ہیں اور لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویڈیو میں جو شیر نظر آ رہا ہے وہ ایک بالغ نوجوان (میل اور سب ایڈلٹ) جانور ہے، اور اس کی تلاش اور ریسکیو کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں ٹرینکولائزر گن کے علاوہ ریسکیو کی تربیت یافتہ اہلکار بھی شامل ہیں۔