ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ میچ اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا۔ میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دے کر گیند حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔
دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، لیکن یہ ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی جانب سے گورڈن نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول بنا کر انگلش ٹیم کو ابتدا میں سبقت دلائی۔ لیکن میچ کے 85 ویں منٹ میں فرنانڈس اور کھیل کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں مارٹینز نے ارجنٹینا کے لیے دو گول اسکور کرکے میچ کا رخ پلٹ دیا۔ اس طرح ارجنٹینا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر انگلینڈ کا 60 سال بعد فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔
فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے اتوار کی شب ہوگا، جبکہ انگلش ٹیم تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کی شب فرانس کا مقابلہ کرے گی۔ یاد رہے کہ ارجنٹینا کی ٹیم ساتویں بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل تین بار اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل رہا جبکہ تین بار وہ رنرز اپ رہی ہے۔
ارجنٹینا کی جیت اور فائنل میں پہنچنے پر دارالحکومت بیونس آئرس میں لاکھوں شائقین سڑکوں پر نکل آئے۔ اس موقع پر بڑے پیمانے پر جشن منایا گیا اور شاندار آتش بازی کی گئی۔ بڑی اسکرینز پر کپتان میسی کی تصویر کی نمائش کی گئی اور ٹیم کے حق میں نعرے لگائے گئے۔