ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
کیلیفورنیا کی زمینی گلہریوں کے رویے میں حیران کن تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں انہیں دوسرے جانوروں کا شکار اور گوشت کھاتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برائیونس ریجنل پارک میں یو سی ڈیوس کی 12 سالہ تحقیق کے دوران محققین نے ان گلہریوں کو چھوٹے چوہوں (وولز) کا پیچھا کرتے، انہیں جھٹکے مار کر ہلاک کرتے اور تازہ شکار پر ایک دوسرے سے لڑتے ہوئے دیکھا۔
طویل عرصے سے گلہریوں کو سبزی خور جانور سمجھا جاتا رہا ہے، البتہ کبھی کبھار وہ گوشت بھی کھا لیتی ہیں، لیکن شکار کا یہ واضح مظاہرہ سائنسی ادب میں پہلی بار ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے ان کی خوراک اور رویے کے بارے میں پرانی سوچ کو چیلنج کیا ہے۔
محققین کو شبہ ہے کہ گلہریوں کا یہ نیا گوشت خور رجحان وولز کی آبادی میں حالیہ اضافے کی وجہ سے ہو سکتا ہے، جس نے انہیں آسانی سے دستیاب پروٹین کا ذریعہ فراہم کیا ہے۔ اس تحقیق کی سرکردہ مصنفہ جینیفر سمتھ کے مطابق “ہم گلہریوں کے ساتھ روزانہ تعامل کرتے ہیں، لیکن یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم ابھی بھی ان کے بارے میں کتنا کم جانتے ہیں۔” یہ تحقیق اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمارے آشنا جنگلی جانور بھی ہمیں حیران کر سکتے ہیں اور غیر متوقع طریقوں سے اپنے ماحول کے مطابق ڈھل سکتے ہیں۔