ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مکہ میں منعقدہ سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس تاریخی معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی مکہ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفد کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا سربراہ اجلاس آج جدہ میں ہوگا، جہاں خطے میں قیام امن کے لیے اہم پیشرفت متوقع ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق جدہ میں تینوں ممالک خطے کی سلامتی سے متعلق معاہدے پر دستخط کریں گے، جس کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان جدہ پہنچ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی ولی عہد کی دعوت پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں انہوں نے عمرہ اور خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے تھے۔