بھارت اور چین کا سرحدی تنازع کا سیاسی حل نکالنے پر اتفاق

India and China border India and China border

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

بھارت اور چین نے سرحدی تنازع کے سیاسی حل کی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان منگل کو بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران سامنے آیا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بھارت چین سرحدی معاملے پر کھل کر اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں حکام سرحدی مذاکرات کے لیے خصوصی نمائندوں کے طور پر مذاکرات میں شریک ہوئے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اپنے مجموعی اور طویل مدتی مفادات کے تناظر میں سرحدی معاملے کے سیاسی حل کی تلاش کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں جانب سے عوامی روابط اور سرحد پار تبادلوں کی بتدریج بحالی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا، جن میں جاری کیلاش مانسروور یاترا اور ہمالیائی درّوں کے ذریعے سرحدی تجارت کی بحالی شامل ہے۔ خصوصی نمائندوں نے اکتوبر ۲۰۲۴ء میں روس کے شہر کازان میں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ دونوں رہنماؤں نے اگست ۲۰۲۵ء میں چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر بھی اس معاملے پر بات چیت کی تھی۔

کازان میں ہونے والی ملاقات چار سال بعد مودی اور شی جن پنگ کے درمیان پہلی باضابطہ دوطرفہ ملاقات تھی۔ اس سے قبل ۲۰۲۰ء میں ہمالیہ کے علاقے لداخ میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، جس میں ۲۰ بھارتی فوجی اور کم از کم چار چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ کازان ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سرحدی معاملے کے حل کے لیے خصوصی نمائندوں کے طریقہ کار اور وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کے ذریعے کوششیں جاری رکھنے اور سرحدی علاقوں میں امن برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات مودی اور شی جن پنگ کی تزویراتی رہنمائی میں تعمیری اور مستقبل پر مرکوز ماحول میں ہوئے۔ بھارت نے سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور پیش رفت کا سلسلہ جاری رہ سکے۔

اجیت ڈوول اور وانگ ای نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک آئندہ ہفتے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس اور اگلے ماہ نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہ اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ برکس سربراہ اجلاس میں ایک بڑے وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ خصوصی نمائندوں کے مذاکرات سے قبل اجیت ڈوول نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ سے بھی ملاقات کی۔