ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، منڈی بہاالدین، گجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپورتھل میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھیں، آندھی اور طوفان کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی اور بجلی کی تاروں کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔