ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
دنیا کی سب سے طاقتور بحری قوت سمجھے جانے والے امریکا کے ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن کی نئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، جہاں طویل سمندری تعیناتی کے بعد جنگی جہاز کی ظاہری حالت کو شدید تنقید اور طنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تقریباً 9 ماہ سے زیادہ عرصے تک سمندر میں رہنے کے بعد امریکی ایئرکرافٹ کیریئر بدھ کے روز تھائی لینڈ کی لیم چابانگ بندرگاہ پہنچا۔ سامنے آنے والی تصاویر میں جہاز کے مختلف حصوں پر زنگ، پانی کے قریب سبز کائی، جگہ جگہ اکھڑا ہوا پینٹ اور بیرونی ساخت کی خستہ حالت واضح دکھائی دی۔ رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن تقریباً 286 دن بعد کسی ایسی بندرگاہ پر پہنچا ہے جہاں اس کے عملے کو آرام کا موقع ملا۔ جہاز کی آمد کے بعد بندرگاہ کے مخصوص علاقے میں عام شہریوں کی رسائی بھی محدود کر دی گئی۔ تصاویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے امریکی بحری طاقت پر طنز کے نشتر چلانا شروع کر دیے۔