ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اتوار کے روز کہا ہے کہ برکس میں بین الاقوامی دلچسپی “مسلسل بڑھ رہی ہے” کیونکہ اس گروپ کی اقدار اور آزادانہ نقطہ نظر دنیا بھر کے ممالک کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ نئی دہلی میں 18ویں سربراہی اجلاس کے اختتام پر منعقدہ برکس آؤٹ ریچ/برکس پلس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے اس اجلاس میں وسیع شرکت کو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہماری بنیادی اقدار اور نظریات، جیسے آزاد اور خودمختار راستے سے وابستگی اور بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی اہم دفعات کی بنیاد پر اجتماعی طور پر مسائل حل کرنے کی خواہش، دنیا بھر کے بہت سے لوگوں کو اپیل کرتی ہے۔ برکس حالیہ برسوں میں اپنے پانچ ابتدائی ارکان — برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ — سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے اور اس نے مکمل رکنیت کے بغیر قریبی تعاون چاہنے والے ممالک کے لیے پارٹنر کنٹری کیٹیگری بھی متعارف کروائی ہے۔ پوتن نے اس تنظیم کو “حقیقی کثیرالجہتیت” کو مضبوط بنانے اور ایک “نئے، زیادہ منصفانہ کثیرالقطبی عالمی نظام” کی تشکیل کے پیچھے “طاقتور محرک قوتوں میں سے ایک” قرار دیا۔
صدر پوتن کے مطابق، برکس ارکان کے درمیان تجارت 1.2 کھرب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، اور یہ ممالک عالمی برآمدات کا تقریباً ایک چوتھائی اور عالمی جی ڈی پی نمو کا 49 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا برکس کی مزید ترقی کی صلاحیت ابھی ختم نہیں ہوئی،” اور نئی پیداواری زنجیروں، ٹیکنالوجیز، خدمات اور منڈیوں کے مواقع کی جانب اشارہ کیا۔ صدر پوتن نے کہا کہ برکس ممالک نے اشیاء، خدمات اور سرمائے کی نقل و حرکت کے لیے اپنے ذاتی ذرائع بھی تیار کیے ہیں، جس سے مالیاتی اور تجارتی معاملات “بیرونی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر” انجام دیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ “برکس ادائیگی اور تصفیہ-ڈپازٹری انفراسٹرکچر کی تعمیر” کے روسی تجاویز پر غور کریں، اسی طرح دوبارہ بیمہ کاری کا طریقہ کار اور اناج کی منڈی قائم کرنے پر بھی۔ عملی اقدامات پہلے ہی اٹھائے جا چکے ہیں۔ سربراہی اجلاس سے قبل، روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ، برکس پے اور برکس پے انڈیا نے ادائیگی کے پلیٹ فارم کو بھارت کے موجودہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ضم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے اور سرحد پار ادائیگیوں کے پائلٹ منصوبے تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ تاہم گروپ کی سطح پر ایک مشترکہ ادائیگی کا طریقہ کار ابھی تک شروع نہیں کیا جا سکا۔ نئی دہلی اعلامیے کے مطابق برکس پیمنٹ ٹاسک فورس سرحد پار لین دین کے لیے عملی حل تلاش کرنا جاری رکھے گی۔