پاکستانی سفیر کی افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اپیل

Faisal Niaz Tirmizi Faisal Niaz Tirmizi

ماسکو (صداۓ روس)

روسی فیڈریشن میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن خطے کی سلامتی، ٹرانسپورٹ روابط اور وسیع تر یوریشیائی خطے میں معاشی انضمام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستانی سفیر نے اسلام آباد میں 29 اور 30 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس ’’افغانستان کا مسئلہ اور امن کی جانب راستہ‘‘ سے آن لائن خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں فیصل نیاز ترمذی نے افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ تعمیری روابط کے لیے پاکستان کی مسلسل پالیسی کا ذکر کیا، تاہم افغان سرزمین کو دہشت گرد گروہوں کی جانب سے استعمال کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان یوریشیائی خطے کو باہم ملانے والے بین الاقوامی شمال، جنوب ٹرانسپورٹ راہداری کی ترقی میں اہم رابطہ بن سکتا ہے، تاہم اس کے برعکس رکاوٹ بھی بن سکتا ہے۔ اس تناظر میں پاکستانی سفیر نے کانفرنس کے شرکا کو بتایا کہ پاکستان یوریشیائی اقتصادی اتحاد کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات شروع کرنے کے قریب ہے۔ ان کے مطابق مذاکرات جنوری 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے مکالمے اور علاقائی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال کے استحکام اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کے ساتھ انسانی اور اقتصادی امداد بھی جاری رکھی جانی چاہیے۔ کانفرنس میں پاکستان، روس، افغانستان، چین اور تاجکستان کے نمائندوں اور ماہرین نے شرکت کی، جنہوں نے افغانستان میں امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور انسانی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔