ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے چین کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی تزویراتی سطح پر لے جانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ میں گہری اور دیرینہ تاریخی جڑیں رکھنے والے شمالی کوریا-چین تعلقات کو نئی تزویراتی سطح پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ شمالی کوریائی رہنما نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ، خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے، اور دونوں اقوام کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لیے کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اور اس سال شی جن پنگ کے ساتھ ان کی ملاقاتوں نے دونوں فریقین کے “مضبوط اور خصوصی دوستانہ تعلقات کو ترقی دینے” کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ شمالی کوریا-چین دوستی کی تاریخ، جو خون کی قیمت پر قائم ہوئی اور حقیقی رفاقت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتی رہی ہے، بین الاقوامی صورتحال میں کسی بھی تبدیلی کے باوجود کبھی متزلزل نہیں ہو سکتی، اور یہ ہماری جماعت اور حکومت کا پختہ عزم ہے کہ وہ سوشلزم، مشترکہ نصب العین، مشترکہ پرچم اور مشترکہ مقصد کو بنیاد بناتے ہوئے روایتی اتحاد اور تعاون کے تعلقات کو مسلسل ترقی دے۔