ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان کے جنوبی جزیرے اوکیناوا میں 20 سالہ امریکی میرین اہلکار کو ایک جاپانی خاتون کے قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم ملزم نے الزام سے انکار کیا ہے۔ جاپانی پولیس کے مطابق لانس کارپورل ڈیون جیکب بالارڈ پر اوکیناوا کے دارالحکومت ناہا کے ایک ہوٹل میں 39 سالہ انا یاگی کو قتل کرنے اور ان کا بٹوا اور بیگ لے جانے کا شبہ ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں ایک غیر ملکی شخص کو خاتون کے ساتھ ہوٹل کے کمرے میں داخل ہوتے اور کچھ دیر بعد ان کا سامان لے کر باہر نکلتے دیکھا گیا۔ جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے اس واقعے پر امریکی حکام سے احتجاج کرتے ہوئے اسے “انتہائی سفاکانہ” قرار دیا اور امریکی فوج سے تحقیقات میں مکمل تعاون، اہلکاروں میں نظم و ضبط بہتر بنانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
امریکی سفیر جارج گلاس نے جاپانی حکام اور اوکیناوا کے گورنر سے تعزیت کرتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اوکیناوا میں امریکی فوجی اہلکاروں سے منسلک جرائم طویل عرصے سے مقامی احتجاج اور جاپان-امریکہ تعلقات میں تناؤ کا باعث بنتے رہے ہیں۔ جاپان میں تقریباً 54 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، جن میں بڑی تعداد اوکیناوا میں موجود ہے۔ جاپان میں قائم امریکی فوجی تنصیبات کا تقریباً 70 فیصد حصہ بھی اسی جزیرے پر واقع ہے۔