ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسلح افواج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے کہا ہے کہ حوثی باغی تحریک انصار اللہ نے یمن کے عارضی دارالحکومت عدن میں بین الاقوامی ہوائی اڈے اور المعاشیق صدارتی محل پر میزائل حملے کیے ہیں۔
النزیلی نے ایکس پر لکھا کہ حوثی دہشت گرد گروپ عدن ایئرپورٹ اور المعاشیق محل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر حملے ناکہ بندی ہٹانے کے بیانات اور یمنی عوام کے خلاف اس کے حقیقی نفاذ کے درمیان تضاد کو ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے باغیوں کے خلاف آپریشن ڈان آف یمن کی پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا۔ ان کے مطابق حکومتی افواج نے حالیہ گھنٹوں میں 1,087 کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں جنگی طیاروں، ڈرونز اور توپ خانے کا استعمال کیا گیا۔
مقامی سیکیورٹی اہلکار کے مطابق عدن کے ضلع کریٹر میں المعاشیق محل کے قریب دو زوردار دھماکے ہوئے، جہاں یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت قائم ہے۔ حملے کے بعد اہم سرکاری اداروں کے اوپر فضائی دفاع نے ڈرونز کو نشانہ بنایا۔ ہلاکتوں اور نقصان کی فوری تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ المعاشیق محل اس سے قبل بھی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ 15 اکتوبر کو پانچ میزائل گرنے سے پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔ عدن ایئرپورٹ بھی گزشتہ چند روز میں بار بار نشانہ بنایا گیا۔ بدھ کے روز حوثیوں کی جانب سے انخلا کی وارننگ کے بعد ایئرپورٹ کے قریب دھماکے ہوئے، جس کے بعد حکام نے پروازیں معطل کر دی تھیں۔ ایئرپورٹ جمعرات کو مرمت کے بعد دوبارہ کھلا تھا۔