پاکستان نے تین ملکی سیریز جیت لی، فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست

Fakhar Zaman Fakhar Zaman

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی سیریز جیت لی۔ فخر زمان فائنل کے پلیئر آف دی میچ جبکہ عرفات منہاس پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے لیے 326 رنز کا ہدف سیٹ کیا، جو میزبان ٹیم نے 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل ایونٹ جیتا ہے۔

گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان نے 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار باری کھیلی اور میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔ انہوں نے تیسری وکٹ پر سعد بیگ کے ہمراہ 149 رنز کی شراکت قائم کی، سعد بیگ 75 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

فخر زمان نے چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر 57 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، وہ 220 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔ سلمان علی آغا تھوڑی دیر بعد ہی 17 رنز بناکر پویلین لوٹے، اس مشکل مرحلے پر عرفات منہاس اور حسن نواز نے 94 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ فتح کے قریب کر دیا۔ عرفات منہاس 31 گیندوں پر 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے تو ان کے پیچھے آنے والے فہیم اشرف بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

میچ کی وننگ شارٹ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکے کی صورت میں لگائی اور ٹیم کو فتحیاب کیا، حسن نواز 45 گیندوں پر 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ گرین شرٹس کی طرف سے معاذ صداقت 5 اور بابر اعظم صفر رنز پر پویلین لوٹے۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز میں مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 325 رنز بنائے، کامیندو مینڈس نے 131 رنز کی باری کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں پون رتھنائیکے 77 اور اویشکا فرنانڈو 38 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔