ننکانہ صاحب پریس کلب اور یوتھ اسمبلی کا روس کے یومِ قومی اتحاد پر مبارکباد کا پیغام

Russian Day Russian Day

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پریس کلب ننکانہ صاحب اور یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس (پنجاب، پاکستان) کے عہدیداروں نے روس کے قومی دن “یومِ قومی اتحاد و یکجہتی” کے موقع پر روسی فیڈریشن کی قیادت، سفارت خانے اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ننکانہ صاحب کے صدر چوہدری فہیم نور، چیئر مین عبدالقادر، ڈاکٹر کلیم اللہ جٹ وڑائچ، عبداللہ ملک، آغا فرحان علی خان، قاسم تمنا گل، سرفراز احمد چوہدری، چوہدری محمد اکرم، چوہدری فیاض احمد فیضی، چوہدری عدنان خورشید اور دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کلب ننکانہ صاحب کے عہدیداروں نے روس میں مقیم سینئر صحافی اور ممتاز کالم نگار اشتیاق احمد ہمدانی کی صحافتی خدمات کو سراہا اور ان کے توسط سے اس تاریخی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

بیان کے مطابق 4 نومبر کا دن روس کی عظیم تاریخ، قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور باہمی جوڑ کا شاندار مظہر ہے، جو دنیا بھر میں امن، رواداری اور قوموں کے درمیان باہمی احترام کا پیغام عام کرتا ہے۔

عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط، مستحکم اور خوشگوار ہو رہے ہیں، اور انسانی حقوق، صحافت اور نوجوانوں کی سطح پر اس نوعیت کے دوستانہ اور سفارتی مراسلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

بیان کے اختتام پر پریس کلب ننکانہ صاحب اور یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس کی قیادت و تمام اراکین نے سینئر صحافی اشتیاق احمد ہمدانی کے ہمراہ روس کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان صحافتی، سماجی اور انسانی حقوق کے شعبوں میں تعاون کے نئے باب روشن ہوں گے۔