ماسکو (خصوصی رپورٹ):
روس کے دارالحکومت ماسکو میں شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے 149ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے ایک بین الاقوامی ادبی و شعری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی سفارت کاروں، روسی ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، شعرا اور مختلف جامعات کے طلبہ و طالبات نے شرکت کرکے عظیم شاعر کی فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
روسی اسٹیٹ یونیورسٹی فار دی ہیومینٹیز (RGGU) میں منعقدہ اس تقریب کا نمایاں پہلو روسی نوجوانوں کی جانب سے اردو زبان میں کلامِ اقبال پیش کیا۔ روسی طلبہ نے نہ صرف اقبال کی شاعری سنائی بلکہ ان کے تصورِ خودی، انسانی وقار، علم و عمل اور معاشرتی بیداری کے مختلف پہلوؤں پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
تقریب میں میزبان یونیورسٹی کے علاوہ ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (MGIMO)، ہائر اسکول آف اکنامکس (HSE) اور ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات بھی شریک ہوئے۔
اس خصوصی ادبی نشست سے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شرکت کی، جبکہ علامہ اقبال کے پوتے، سابق سینیٹر ولید اقبال، اور نواسے میاں اقبال صلاح الدین نے آن لائن شرکت کرکے اقبال کی فکری میراث کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
یونیورسٹی کی جانب سے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب ریکٹر پروفیسر ویرا زابوتکینا نے علامہ اقبال کی فلسفیانہ فکر کی عالمگیر اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے اپنی زندگی انسانی وجود کی حقیقت، مقصدِ حیات اور انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی جیسے بنیادی سوالات پر غور و فکر کرتے ہوئے گزاری۔
ان کے مطابق اقبال کا فلسفہ اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ محض مادی ترقی، سائنسی کامیابیاں اور علمی پیش رفت انسانی عظمت کی ضمانت نہیں بن سکتیں، جب تک ان کے ساتھ اخلاقی شعور، کردار کی مضبوطی اور انسانی اقدار کا احترام موجود نہ ہو۔ انہوں نے اقبال کے افکار کو مختلف تہذیبوں اور نسلوں کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم فکری ورثہ قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے علامہ اقبال کو ایک غیر معمولی شاعر، فلسفی اور دوراندیش مفکر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفے کا پیغام کسی مخصوص زمانے یا جغرافیائی خطے تک محدود نہیں۔ ان کی فکر انسان کو خود شناسی، بلند مقاصد، محبت، جرأت اور اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی دعوت دیتی ہے۔
پاکستانی سفیر نے اقبال کی فارسی شاعری کی خصوصی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فارسی زبان میں ان کی تخلیقات نے ان کے فلسفے کو برصغیر سے آگے وسطی ایشیا اور دیگر خطوں کے علمی و ادبی حلقوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے 1933 میں علامہ اقبال کے تاریخی دورۂ افغانستان کا بھی حوالہ دیا، جب اقبال نے افغان حکومت کو تعلیمی اصلاحات اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے حوالے سے مشاورت فراہم کی تھی۔
سفیر نے افغانستان کے بارے میں اقبال کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر علامہ اقبال کی شہرۂ آفاق نظم مسجدِ قرطبہ کے اشعار بھی پیش کیے اور کہا کہ اقبال کا محبت، عمل اور فکری بیداری کا پیغام آج بھی اپنی معنویت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
علامہ اقبال کے نواسے میاں اقبال صلاح الدین نے اپنی گفتگو میں اقبال کے تصورِ انقلاب اور انسانی زندگی میں مسلسل حرکت و جدوجہد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کے نزدیک انقلاب محض سیاسی اقتدار یا حکومتی نظام کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ یہ فرد اور معاشرے کے اندر فکری بیداری، اخلاقی جرأت، خود احتسابی اور مسلسل ارتقا کی علامت ہے۔
ان کے مطابق جو قوم اپنے اندر تبدیلی، تحقیق، تخلیق اور نئے حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت برقرار رکھتی ہے، وہ ترقی کی منازل طے کرتی ہے، جبکہ فکری جمود معاشروں کو زوال کی طرف لے جاتا ہے۔
انہوں نے نظم مسجدِ قرطبہ کے یہ معروف اشعار پیش کیے:
جس میں نہ ہو انقلاب، موت ہے وہ زندگی
روحِ اُمم کی حیات کشمکشِ انقلاب
اس موقع پر اقبال کے اس پیغام کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا کہ ایک زندہ معاشرہ اپنے ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے مستقبل کی تعمیر کا حوصلہ رکھتا ہے۔
ڈاکٹر خرم الٰہی نے علامہ اقبال کی فارسی تصنیف جاوید نامہ کے حوالے سے ان کی تخیلاتی اور فلسفیانہ عظمت پر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کی فکر مادی دنیا اور اپنے عہد کی ظاہری حدود سے کہیں آگے سفر کرتی ہے۔ جاوید نامہ میں شاعر ایک غیر معمولی تخیلاتی اور روحانی سفر کے ذریعے کائنات، انسانی تہذیب، علم و دانش اور زندگی کے بنیادی سوالات کا جائزہ لیتا ہے۔
اس تصنیف میں سیاروں اور کائناتی منازل کا سفر محض سائنسی یا خلائی مہم کی داستان نہیں بلکہ انسان کی فکری جستجو، روحانی ارتقا اور حقیقت کی تلاش کا ایک علامتی اظہار ہے۔
ڈاکٹر خرم الٰہی نے کہا کہ اقبال کا ادبی تخیل انسان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ علم کی جستجو اور نئے امکانات کی تلاش کبھی ختم نہیں ہونی چاہیے۔
علامہ اقبال کے پوتے، سابق سینیٹر ولید اقبال نے اپنے خطاب میں شاعرِ مشرق کے تصورِ قومیت، اجتماعی شعور اور معاشرتی ذمہ داری پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اقبال قوم کو ایک زندہ جسم سے تشبیہ دیتے ہیں جس کے مختلف افراد اور ادارے اس کے اعضا کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ شاعر اس جسم کی وہ بینا آنکھ ہے جو معاشرے کے دکھ، تکلیف اور مستقبل کے امکانات کو محسوس کرتی ہے۔
انہوں نے اقبال کی نظم شاعر کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
قوم گویا جسم ہے، افراد ہیں اعضائے قوم
شاعرِ رنگیں نوا ہے دیدۂ بینائے قوم
مبتلائے درد کوئی عضو ہو، روتی ہے آنکھ
کس قدر ہمدرد سارے جسم کی ہوتی ہے آنکھ
ولید اقبال نے کہا کہ ان اشعار میں اقبال نے ادب اور شاعری کو محض جمالیاتی اظہار نہیں بلکہ ایک عظیم سماجی اور اخلاقی ذمہ داری قرار دیا ہے۔
انہوں نے علامہ اقبال کے آخری ایام سے متعلق خاندانی روایات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی انسان دوستی اور آنے والی نسلوں کے لیے فکری ورثے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔
ان کے مطابق اقبال کی فکر میں اپنی قوم سے محبت کے ساتھ پوری انسانیت کی فلاح، انسانی وقار اور ایک بہتر مستقبل کی آرزو بھی نمایاں ہے۔
تقریب کا سب سے دلچسپ منظر وہ تھا جب روسی طلبہ و طالبات نے اردو زبان میں علامہ اقبال کا کلام پیش کیا۔
ماسکو کی مختلف جامعات میں اردو اور جنوبی ایشیائی زبانوں و ادب سے وابستہ نوجوانوں کی شرکت نے اس ادبی نشست کو خصوصی اہمیت دی۔ روسی طلبہ کی جانب سے اقبال کی شاعری پڑھنا اس بات کی علامت قرار دیا گیا کہ پاکستان کا ادبی ورثہ روس میں بھی علمی دلچسپی کا موضوع ہے۔
تقریب کے اختتام پر سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے میزبان یونیورسٹی کی انتظامیہ، اساتذہ، روسی طلبہ اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خصوصی طور پر روسی نوجوانوں کو سراہا جنہوں نے اردو زبان میں اقبال کی شاعری پیش کرکے پاکستانی ادب سے اپنی محبت اور دلچسپی کا اظہار کیا۔
سفیرِ پاکستان نے ان نوجوانوں کو محبت بھرے انداز میں اقبال کے شاہین قرار دیا اور کہا کہ اس نوعیت کی علمی و ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور روس کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ماسکو کی یہ ادبی نشست ایسے موقع پر منعقد ہوئی جب پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں علامہ اقبال کے 149ویں یومِ پیدائش کی تقریبات جاری ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی 9 نومبر 2026 سے 9 نومبر 2027 تک اقبال کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک سالہ قومی اور بین الاقوامی تقریبات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت علمی کانفرنسیں، تحقیقی سیمینار، ادبی تقریبات، نمائشیں اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی و ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی ادبی نشست نے بھی اسی وسیع فکری اور ثقافتی تسلسل کو نمایاں کیا، جس میں علامہ اقبال کی شاعری مختلف زبانوں، قوموں اور تہذیبوں کے درمیان ایک مشترکہ علمی ورثے کی حیثیت اختیار کر رہی ہے۔
روس کے دارالحکومت میں اردو زبان کی گونج اور روسی نوجوانوں کی زبان سے کلامِ اقبال کی پیشکش اس حقیقت کا خوبصورت اظہار تھی کہ عظیم ادب جغرافیائی سرحدوں کا پابند نہیں ہوتا۔ علامہ اقبال کا پیغام آج بھی خود شناسی، علم، انسانی وقار، محبت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے نئی نسلوں کو مستقبل کی تعمیر کی دعوت دے رہا ہے۔