ایران کے خلاف جنگ درست فیصلہ تھا، امریکی وزیر خارجہ

F-35 F-35

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست اقدام قرار دیا ہے۔ فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو میں روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران کے حقیقی خطرے کی نشاندہی کی اور اس کا مقابلہ کیا، چاہے ان کا یہ فیصلہ عوام میں مقبول نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی کو درپیش مشکل چیلنجز کا سامنا کرنا ضروری ہوتا ہے، چاہے اس کے لیے غیر مقبول فیصلے ہی کیوں نہ کرنا پڑیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے وہ اقدام کیا جو ان سے پہلے امریکی صدور نہیں کر سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں امریکی سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہوں گی کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران امریکا، اسرائیل، مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کے لیے ناقابل قبول اور خطرناک ہوگا۔

روبیو نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جس کی وجہ تہران کے ناقابل قبول اور بعض صورتوں میں غیر معمولی مطالبات ہیں۔ ان کے مطابق مختلف ممالک ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایران کے ساتھ مختلف تجاویز پر بات چیت کر رہے ہیں، تاہم مذاکرات کسی بڑی پیش رفت کے قریب نہیں پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق اگر کسی معاہدے کا امکان ہوا تو امریکا اس کا جائزہ ضرور لے گا، مگر فی الحال مذاکرات زیادہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو رہے، کیونکہ ایران کے مطالبات ناقابل قبول، غیر حقیقت پسندانہ اور بعض صورتوں میں مضحکہ خیز ہیں۔