ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ٹیلی فونک گفتگو میں روس کے ساتھ ممکنہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق کیا ہے، جن کا مقصد امن اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملات ہیں۔ یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے پریس آفس نے بتائی۔
محکمہ خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں نے امن اور جوہری ہتھیاروں کے خاتمے جیسے اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے بامعنی رہنما سطح کی گفتگو کی اہمیت پر اتفاق کیا، جس میں روس کے ساتھ کوئی بھی ممکنہ سہ فریقی رہنماؤں کی ملاقات شامل ہے۔
روبیو اور وانگ ای نے چین کے شہر شینزین میں 18 اور 19 نومبر کو ہونے والے اپیک سربراہی اجلاس اور میامی میں 14 اور 15 دسمبر کو طے جی 20 سربراہی اجلاس پر بھی بات کی۔ انہوں نے باہمی احترام، انصاف اور مساوات کی بنیاد پر اسٹریٹجک استحکام کے تعمیری تعلق کے لیے رہنما سطح کے دو طرفہ عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق یہ رابطہ چین کی درخواست پر ہوا۔
رائٹرز کے مطابق چین کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے یا روس کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق وانگ ای نے گفتگو کو مثبت اور تعمیری قرار دیا اور کہا کہ بیجنگ امریکا کے ساتھ رابطے اور تعاون مضبوط بنانے پر آمادہ ہے۔ روبیو نے منگل کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ اپیک سربراہی اجلاس کے موقع پر ٹرمپ، شی اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سہ فریقی ملاقات کے انتظامات پر کام جاری ہے۔