میامی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر طیاروں کا تصادم، دو مسافر زخمی

plane crash plane crash

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی شہر میامی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیکسی کرتے ہوئے دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں دو مسافر معمولی زخمی ہو گئے۔اسکائی نیوز کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بتایا ہے کہ کوپا ایئر لائنز کا بوئنگ 737 طیارہ گیٹ کی جانب جا رہا تھا کہ اس کا پر ونگ یو پی ایس کے بوئنگ 767 کارگو طیارے کی ناک سے ٹکرا گیا۔ایف اے اے کے مطابق کارگو طیارہ کولمبیا کے شہر بوگوٹا کے لیے روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے یو پی ایس کے عملے کو کوپا ایئر لائنز کے طیارے کو راستہ دینے کی ہدایت کی تھی۔

واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔کوپا ایئر لائنز کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں 166 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ دو مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں ایئرپورٹ کے طبی عملے نے طبی امداد فراہم کی۔ایئر لائن نے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اولين ترجیح ہے اور تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔اس سے قبل امریکی فضائی حدود میں غیر معمولی حالات اور علاقائی ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں مواصلاتی مسائل کے باعث پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔ چار گھنٹے بعد فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی تھیں، تاہم حکام نے پروازوں کا معمول بحال ہونے میں وقت لگنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ اس دوران ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں۔