بھارت کا مصنوعی ذہانت کی سپلائی چین کے تحفظ کے معاہدے پر دستخط

India India

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

بھارت نے مصنوعی ذہانت کی سپلائی چین کے تحفظ اور اہم ٹیکنالوجیز کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کی قیادت میں تیار کردہ سان فرانسسکو اعلامیے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ پیش رفت منیلا میں چار ملکی اتحاد (کواڈ) کے اجلاس سے قبل سامنے آئی ہے، جس کا ایک اہم مقصد اہم معدنیات پر چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

سان فرانسسکو اعلامیہ، امریکی حمایت یافتہ ’’پیکس سلیکا‘‘ معاہدے کا تسلسل ہے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کی ترقی کے لیے درکار سپلائی چینز کو مضبوط بنانا ہے۔ مغربی ممالک کو چینی کمپنیوں کی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پیش رفت اور عالمی ٹیکنالوجی منڈی میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش ہے۔

اعلامیے کا مقصد ان حساس ٹیکنالوجیز اور اہم بنیادی ڈھانچے کے بارے میں مشترکہ فہم پیدا کرنا ہے جو سپر انٹیلی جنس کی سپلائی چینز کی بنیاد ہیں۔ اس کے تحت مصنوعی ذہانت کی ترقی میں معاون حساس ٹیکنالوجیز اور سپلائی چینز کی ایک مشترکہ فہرست بھی مرتب کی جائے گی، جنہیں زیادہ تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارت نے رواں سال فروری میں پیکس سلیکا اقدام میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔ اس اقدام کے تحت سیمی کنڈکٹرز، اہم معدنیات، توانائی، جدید صنعتی پیداوار اور مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ نئی دہلی کے مطابق یہ شمولیت بھارت اور امریکا کے جامع عالمی تزویراتی شراکت داری کے تحت اہم ٹیکنالوجیز اور سپلائی چین کے استحکام سے متعلق تعاون کو مزید گہرا کرے گی۔

پیکس سلیکا میں شمولیت سے بھارت کو مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے اور چین کے متبادل کے طور پر اپنا کردار مضبوط بنانے کا موقع مل سکتا ہے۔ بھارت نے اس مقصد کے لیے قومی اہم معدنیات مشن سمیت متعدد اقدامات شروع کیے ہیں، جبکہ نایاب زمینی عناصر کی کان کنی، پراسیسنگ، تحقیق اور مستقل مقناطیس سازی کے لیے خصوصی راہداریاں قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

بھارت اپنی نایاب زمینی معدنیات کی 85 سے 90 فیصد ضروریات چین سے درآمد کرتا ہے۔ یہ عناصر اسمارٹ فونز، برقی گاڑیوں کی موٹروں اور میزائلوں کے رہنمائی نظام سمیت متعدد جدید مصنوعات میں استعمال ہونے والے مقناطیسوں کی تیاری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب عالمی سطح پر نایاب زمینی معدنیات کی پراسیسنگ کی 60 فیصد سے زیادہ صلاحیت چین کے پاس ہے۔

سان فرانسسکو اعلامیے پر دستخط ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی صدر شی جن پنگ سے جمعرات کو شین ژین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون فورم کے موقع پر ملاقات متوقع ہے۔ اس سے قبل چین سے متعلق مبینہ جاسوسی اسکینڈل بھی سامنے آیا تھا، جس کے نتیجے میں اینویڈیا کے بانی جینسن ہوانگ کے عہدے سے علیحدگی کی اطلاعات سامنے آئیں۔

امریکا نے چین پر گزشتہ سال کے اختتام پر طے پانے والی تجارتی کشیدگی میں کمی کی مفاہمت کی شرائط پوری نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ واشنگٹن نے ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات سے قبل بیجنگ پر زور دیا ہے کہ وہ نایاب زمینی معدنیات کی برآمدات میں اضافہ کرے۔

سان فرانسسکو اعلامیے پر امریکا، آسٹریلیا، بھارت، اسرائیل، جاپان، جنوبی کوریا، قطر، سنگاپور، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ نے دستخط کیے ہیں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور جیکب ہیلبرگ کے حوالے سے فنانشل ٹائمز نے بتایا ہے کہ جرمنی، سویڈن، نیدرلینڈز اور یورپی کمیشن بھی بعد میں اس اعلامیے میں شامل ہو سکتے ہیں۔