اسلامک یونیورسٹی کے بعد نسٹ کے کیمپس میں بھی تیندوا دیکھا گیا

Leopard Leopard

اسلام آباد (صداۓ روس)

اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے کیمپس میں تیندوا دیکھنے کی اطلاع ملنے کے بعد انتظامیہ اور وائلڈ لائف حکام فوری طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔ چند روز قبل انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں بھی تیندوا گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس سے طلبہ اور عملے میں تشویش پھیل گئی تھی۔ نسٹ کیمپس میں تیندوا کی موجودگی کی تصدیق کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے فوری اقدامات کیے اور تیندوا پکڑنے کے لیے کیمپس میں ٹریپر لگا دیا گیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق ٹریپر کے ذریعے تیندوا کو محفوظ طریقے سے پکڑا جائے گا اور اسے بعد میں جنگلی حیات کے محفوظ علاقے میں منتقل کر دیا جائے گا تاکہ طلبہ اور کیمپس اسٹاف کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے تیندوا یا کوئی اور جنگلی جانور شہری علاقوں میں دیکھا ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔