پشاور میں اسکول کی تین منزلہ عمارت منہدم، 33 بچوں سمیت 35 افراد جاں بحق

Pakistan rescue Pakistan rescue

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی عمارت کی چھت گرنے سے دلخراش سانحہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں طلبہ اور اساتذہ ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 33 بچوں اور 2 اساتذہ سمیت مجموعی طور پر 35 افراد جاں بحق جبکہ 52 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 7 سے 13 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

انچارج ریسکیو بلال احمد نے بتایا کہ صبح 8 بج کر 48 منٹ پر حادثے کی اطلاع موصول ہوئی اور ریسکیو ٹیمیں 5 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئیں۔ اب تک ملبے سے 40 سے زائد بچوں کو نکالا جا چکا ہے۔ امدادی کارروائیوں میں 16 ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق اسکول کی عمارت تین منزلہ تھی، جس میں اوپر نیچے تین کلاس روم بنائے گئے تھے۔ سب سے نچلے کلاس روم میں 45، درمیانی منزل پر 40 اور سب سے اوپر والے کلاس روم میں 30 بچے موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

عینی شاہد طلبہ کا کہنا ہے کہ پہلے پیریڈ کے بعد زوردار آواز سنائی دی اور دیکھتے ہی دیکھتے تینوں کلاسیں ایک ساتھ زمین بوس ہو گئیں۔ طلبہ کے مطابق اسکول میں پلے گروپ سے نویں جماعت تک تقریباً 400 بچے زیر تعلیم تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی، انہیں صبر جمیل کی دعا دی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔