ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین نے انتہائی تیز رفتار میگلیو ٹیکنالوجی میں ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ہوبئی کی ڈونگھو لیبارٹری میں 1.1 ٹن وزنی تجرباتی میگلیو گاڑی نے صرف 5.3 سیکنڈ میں صفر سے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
تجربے کے دوران گاڑی نے ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر انتہائی تیز رفتار حاصل کی اور جدید بریکنگ نظام کی مدد سے تقریباً 200 میٹر کے اندر محفوظ اور ہموار انداز میں رکنے کا مظاہرہ بھی کیا۔ یہ گزشتہ چھ ماہ میں اسی تجرباتی نظام کی جانب سے قائم کیا جانے والا تیسرا عالمی ریکارڈ ہے۔
اگرچہ یہ ٹیکنالوجی فی الحال عام مسافر ٹرینوں کے لیے نہیں، تاہم محققین کے مطابق اس تحقیق سے مستقبل میں انتہائی تیز رفتار نقل و حمل، برقی مقناطیسی لانچنگ اور دیگر جدید شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔