مولدووا میں جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، کریملن کا ردعمل
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے مولدووا کی علاقائی رہنما ایوگینیا گوٹسول کو سات سال قید کی سزا سنانے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اسے ملک میں جمہوریت کی پامالی کی ایک کھلی مثال قرار دیا ہے۔ ایوگینیا گوٹسول، جنہیں ۲۰۲۳ء میں مولدووا کے خودمختار علاقے گاگاوزیا کی سربراہ منتخب کیا گیا تھا، کو چیسی نو کی ایک عدالت نے ممنوعہ یوروسکیپٹک پارٹی کو مبینہ طور پر غیرقانونی فنڈنگ فراہم کرنے کے الزام میں سزا سنائی۔ گوٹسول نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی حکومت کی مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش ہے۔ دیمتری پیسکوف نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ واضح طور پر سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد انتخابی عمل میں مخالفین پر غیرقانونی دباؤ ڈالنا ہے۔ انہوں نے مولدووا کی حکومت پر اپوزیشن کو ہدف بنانے اور عوام کو آزادانہ سیاسی رائے کے حق سے محروم کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ پیسکوف نے مزید کہا کہ “اس ملک میں جمہوریت کے اصولوں اور قواعد کو ہر ممکن طریقے سے روندا جا رہا ہے۔ گوٹسول نے اپنی انتخابی مہم کے دوران روس کے ساتھ قریبی تعلقات کی حمایت کی تھی اور یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت کی حکومتی کوششوں کی مخالفت کی تھی۔ مارچ ۲۰۲۴ء میں انہیں مبینہ انتخابی فنڈنگ کی خلاف ورزیوں اور دستاویزات میں جعلسازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے روس اور ترکیہ سے اپیل کی کہ گاگاوزیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے مولدووا کی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بھی اس مقدمے کو “یورپی اقدار کے نام پر استبداد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین مولدووا کو “لبرل آمریت” میں تبدیل کر رہا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے گوٹسول پر پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں جن میں ان پر علیحدگی پسند نظریات کو فروغ دینے، روس کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے اور مولدووا کی خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات شامل ہیں۔ گوٹسول کے خلاف کارروائی کے بعد دارالحکومت چیسی نو میں مظاہرے بھی شروع ہو چکے ہیں، جہاں ان کے حامی اس مقدمے کو سیاسی انتقام اور صدر مایا سندو کی آمریت کا ثبوت قرار دے رہے ہیں۔ یہ صورتحال مولدووا میں سیاسی کشیدگی کو بڑھا رہی ہے اور اپوزیشن کی جانب سے بین الاقوامی برادری سے مداخلت کی اپیل کی جا رہی ہے تاکہ ملک میں جمہوری اصولوں کا تحفظ کیا جا سکے۔