انٹرنیشنل ڈیسک: (صدائے روس)
انگلش کاؤنٹی کرکٹ ٹیم ہیمپشائر کے بائیں ہاتھ کے تجربہ کار فاسٹ بولر کیتھ بارکر پر اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 12 ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی تمام طرز کی کرکٹ پر لاگو ہوگی اور اس کا اطلاق جولائی 2024 سے کیا گیا ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، کیتھ بارکر کو مئی 2023 میں کیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا “اِنڈاپیمائڈ” کے مثبت نتیجے کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔ اس معطلی کا باضابطہ اعلان جولائی 2024 میں کیا گیا تھا، جب ان پر باقاعدہ طور پر کیس کی سماعت کی گئی۔
کیتھ بارکر نے انگلش کرکٹ بورڈ (ECB) کے اینٹی ڈوپنگ قواعد کی دو شقوں کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔ 5 مارچ 2025 کو ہونے والی سماعت میں انہوں نے تسلیم کیا کہ ممنوعہ دوا کا استعمال ان سے لاعلمی میں ہوا، تاہم انہوں نے اس کا باقاعدہ اندراج یو کے اینٹی-ڈوپنگ (UKAD) کے ساتھ نہیں کرایا۔
یہ دوا “اِنڈاپیمائڈ” اگرچہ واڈا (WADA) کی 2024 کی ممنوعہ ادویات کی فہرست میں شامل ہے، لیکن یہ بلڈ پریشر یعنی ہائپرٹینشن کے علاج کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔ کیتھ بارکر کو یہ دوا طویل عرصے سے استعمال کی جانے والی پرانی دوا کے متبادل کے طور پر تجویز کی گئی تھی۔
تاہم چونکہ وہ اس دوا کے استعمال کو باقاعدہ طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہے، اس لیے ان کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
ریویو پینل نے اس موقف کو تسلیم کیا کہ کیتھ بارکر نے کسی قسم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے یہ دوا استعمال نہیں کی بلکہ یہ طبی ضرورت تھی۔ لیکن ضابطے کی خلاف ورزی ہونے پر انہیں 12 ماہ کی پابندی کی سزا دی گئی۔
اب کیتھ بارکر رواں برس 4 جولائی 2025 سے دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔