انٹرنیشنل ڈیسک (صدائے روس)
دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے زندگی کو بدل کر رکھ دیا ہے، ہر چیز اب اسمارٹ فون اور کیو آر کوڈ سے جڑ گئی ہے۔ ادائیگی ہو، شناخت ہو یا معلومات، سب کچھ ایک اسکین پر آ گیا ہے۔ لیکن بھارت میں ہونے والی ایک شادی میں ڈیجیٹلائزیشن کا ایسا انوکھا مظاہرہ دیکھنے میں آیا کہ سب حیران رہ گئے۔
بھارت میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ایک نوجوان دولہا کو اس کے دوستوں نے مذاق مذاق میں “ڈیجیٹل دولہا” بنا دیا۔ جیسے ہی دولہا اپنی دلہن کے ساتھ اسٹیج پر آیا، اس کے قریبی دوستوں نے انوکھا سرپرائز دیا۔
ان دوستوں نے دولہا کے گلے میں UPI (یونائیٹڈ پیمنٹس انٹرفیس) اسکینر لٹکا دیا – بالکل ویسا جیسا کسی دکان یا کیفے پر لگا ہوتا ہے۔اس دلچسپ منظر کو مزید پرمزاح بنانے کے لیے دوستوں نے باری باری اسٹیج پر آنا شروع کیا اور ہر کوئی اپنی جیب سے موبائل فون نکالتا، اسکینر پر اسکین کرتا اور صرف 1 روپیہ “بطور تحفہ” دولہا کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرتا۔
ادائیگی مکمل ہونے پر موبائل اسکرین پر ٹرانزیکشن کی تصدیق بھی سب کو دکھائی جاتی، اور پھر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھتا۔
دولہا کے دوستوں کی اس تخلیقی اور مزاحیہ حرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ مہمان خوب محظوظ ہوئے اور یہ منظر سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا۔ کئی صارفین نے اس دولہے کو “2025 کا سب سے ڈیجیٹل دولہا” قرار دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل کلچر میں اس قسم کی مزاحیہ تخلیق کاری نہ صرف خوشگوار ماحول پیدا کرتی ہے بلکہ نوجوان نسل کی ٹیکنالوجی سے وابستگی کا ایک انوکھا مظہر بھی ہے۔