ہومانٹرنیشنلبھارت میں توہین رسالت کے خلاف مسلم دنیا میں غم وغصہ، پاکستان...

بھارت میں توہین رسالت کے خلاف مسلم دنیا میں غم وغصہ، پاکستان کی مذمت

بھارت میں توہین رسالت کے خلاف مسلم دنیا میں غم وغصہ، پاکستان کی مذمت

اسلام آباد (صداۓ روس)
بھارت میں توہین رسالت کے خلاف مسلم دنیا میں غم وغصہ پایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان نے اس کی شدید مذمت کی ہے. بھارت کی حکمراں بی جے پی کی قومی ترجمان کی جانب سے پیغمبر اسلام کی اہانت پر خلیجی ملکوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ پاکستانی وزیراعظم نے بھی اس کی مذمت کی ہے جبکہ بی جے پی نے اپنے دو ترجمانوں کو بر طرف کر دیا ہے۔ حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین کی جانب سے پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز بیانات کے سبب بھارت اتوار کے روز اس وقت سفارتی طوفان کی زد میں آ گیا، جب عرب ممالک نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ اس کی وجہ سے پارٹی کو اپنے دو ترجمانوں کو ان کے عہدوں سے ہٹانا پڑا۔

بی جے پی نے عرب ممالک کے شدید احتجاج کے بعد پارٹی کی قومی ترجما ن نوپور شرما کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیا، جبکہ ایک دوسرے رہنما پارٹی کی دہلی یونٹ کے ترجمان نوین کمار جندل کو پارٹی سے برطرف کر دیا ہے۔ دونوں نے اپنے بیانات میں پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز اور نازیبا باتیں کہی تھیں۔

بی جے پی کی قومی ترجمان نے تقریباً دس روز قبل ایک ویڈیو ڈیبیٹ کے دوران پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی، جس کے خلاف بھارت اور پاکستان سمیت کئی دیگر اسلامی ممالک میں ناراضی کا اظہار ہوا۔ بھارت میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے اور نوپور شرما کے خلاف کیس بھی درج کرائی گئی، تاہم حکمراں جماعت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

لیکن اتوار کے روز سب سے پہلے جب قطر نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پھر بطور احتجاج دوحہ میں بھارتی سفیر کو بھی طلب کر لیا، تو کویت نے بھی اسی طرز پر بھارتی سفیر کو طلب کیا۔ اس کے بعد ہی بی جے پی نے اپنے دونوں ترجمانوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوری طرح سے ناقابل قبول ان توہین آمیز بیانات سے نہ صرف قطری عوام بلکہ دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل