ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے کہا ہے کہ اگر ایران نے دوبارہ اسرائیل پر حملے کی غلطی کی تو اسرائیل کسی کا انتظار کیے بغیر سخت جوابی کارروائی کرے گا۔ ڈینن نے اتوار کو نیوز میکس کے پروگرام “سنڈے رپورٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر دوبارہ حملہ کیا تو ہم کسی کا انتظار نہیں کریں گے، ہم جوابی کارروائی کریں گے اور انہیں سخت نقصان پہنچائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل امریکہ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی سے کام کر رہا ہے، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ ایران سے متعلق کسی بھی حل میں یہ یقینی بنایا جانا چاہیے کہ تہران ایٹمی صلاحیت حاصل نہ کر سکے، اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کیا جائے، اور اس کی جانب سے اتحادی مسلح گروہوں کی حمایت کا خاتمہ ہو۔ ڈینن نے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں خلل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اقدامات عالمی معیشت پر بھی اثرانداز ہو رہے ہیں۔