محبت کا جھانسہ، جعلی نوکری اور مدد کی درخواست؛ چین میں غیر ملکی جاسوسی کے تین واقعات بے نقاب

Chinese police Chinese police

بیجنگ ( محمد ابراہیم عباسی)

چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ جاسوسی کی تین ایسی کوششوں کا انکشاف کیا ہے جن میں محبت، ملازمت اور مدد کی درخواست کو حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان واقعات میں ایک شخص کو آن لائن محبت کے جال میں پھنسا کر فوجی تنصیبات کی تصاویر بنوائی گئیں، دوسرے کو جزوقتی ملازمت کے نام پر سرحدی علاقوں میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے رقم کی پیشکش کی گئی، جبکہ تیسرے واقعے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو خفیہ معلومات رکھنے والے ادارے میں داخل ہونے کے لیے جعلی کہانی کے ذریعے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔

چینی وزارتِ ریاستی سلامتی کے مطابق یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ غیر ملکی انٹیلی جنس نیٹ ورکس روایتی طریقوں کے بجائے سوشل میڈیا، آن لائن تعلقات اور مالی لالچ کے ذریعے لوگوں کا اعتماد حاصل کرنے اور حساس معلومات تک رسائی کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزارتِ ریاستی سلامتی کے مطابق پہلا واقعہ نومبر 2023 میں چین کے ایک سرحدی علاقے میں پیش آیا، جہاں ژانگ نامی شخص کی سوشل میڈیا ایپلی کیشن کے قریبی افراد کے فیچر کے ذریعے ژیاؤژو نامی خاتون سے ملاقات ہوئی۔ دونوں کے درمیان جلد ہی آن لائن محبت کا تعلق قائم ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے جب ژانگ کے رہائشی علاقے کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں تو اسے بتایا کہ وہ بچپن میں اسی علاقے میں رہتی تھی اور پائلٹ بننے کا خواب رکھتی تھی، لیکن مالی مشکلات کے باعث یہ خواہش پوری نہیں ہو سکی۔ اس نے فوجی اڈے کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ژانگ سے وہاں کی تصاویر بنانے کو کہا۔

چینی حکام کے مطابق ژانگ جانتا تھا کہ محدود فوجی علاقوں میں تصاویر بنانا ممنوع ہے، اس کے باوجود اس نے متعدد مرتبہ قریبی فوجی تنصیبات کے اطراف کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور خاتون کو بھیج دیں۔ اس طرح اس نے تقریباً 100 تصاویر اور درجنوں ویڈیوز فراہم کیں۔

وزارت کے مطابق بعد ازاں تحقیقات میں معلوم ہوا کہ خاتون ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کی ایجنٹ تھی، جبکہ ژانگ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔

دوسرا واقعہ نومبر 2024 میں پیش آیا، جب وانگ نامی ایک بے روزگار شخص کو سوشل میڈیا پر ایک ایسے فرد نے رابطہ کیا جس نے خود کو فوٹوگرافر ظاہر کیا۔ اس نے وانگ کو جزوقتی ملازمت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی علاقوں میں مخصوص مقامات کی تصاویر بنانے کے ہر کام کے عوض 500 یوآن، یعنی تقریباً 70 امریکی ڈالر، ادا کیے جائیں گے۔

چینی وزارت کے مطابق وانگ کو رابطہ کرنے والے شخص کی شناخت پر شبہ بھی ہوا، کیونکہ وہ چینی زبان درست انداز میں نہیں بولتا تھا اور گفتگو میں کبھی کبھار انگریزی الفاظ بھی استعمال کرتا تھا۔ تاہم مالی فائدے کے لالچ میں اس نے پیشکش قبول کر لی۔

اس کے بعد اسے مخصوص مقامات پر جا کر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وانگ نے لوکیشن کی معلومات محفوظ کرنے والے فوٹوگرافی سافٹ ویئر کے ذریعے سرحدی علاقوں میں فوجی تنصیبات اور دفاعی شاہراہوں کی تصاویر بنائیں اور کئی ویڈیوز سمیت درجنوں تصاویر بھیج دیں۔

وزارتِ ریاستی سلامتی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خود کو فوٹوگرافر ظاہر کرنے والا شخص بھی ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کا ایجنٹ تھا۔ وانگ کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔

تیسرا واقعہ جون 2025 میں پیش آیا، جب سرحدی علاقے میں رہنے والے لو نامی ٹیکسی ڈرائیور کی ایک مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کے ذریعے ایسے شخص سے جان پہچان ہوئی جس نے خود کو خفیہ معلومات سے متعلق ایک ادارے کا ملازم ظاہر کیا۔

کچھ عرصہ رابطے میں رہنے کے بعد اس شخص نے لو سے کہا کہ وہ ایک اجلاس میں شرکت کے لیے باہر آیا ہوا ہے اور اپنا لیپ ٹاپ دفتر میں بھول گیا ہے۔ اس نے ٹیکسی ڈرائیور سے درخواست کی کہ وہ فراہم کردہ لوکیشن پر جا کر لیپ ٹاپ لے آئے، جس کے بدلے اسے آنے جانے کا کرایہ ادا کیا جائے گا۔

جب لو مقررہ مقام پر پہنچا تو آن لائن رابطے میں موجود شخص نے ویڈیو کال کی اور اس سے اپنی موجودگی اور اردگرد کے ماحول کی تصدیق کرنے کو کہا۔ تاہم جب ٹیکسی ڈرائیور ادارے کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے لگا تو سکیورٹی اہلکاروں نے اسے روک لیا۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ جس شخص نے خود کو ادارے کا ملازم ظاہر کیا تھا، وہاں اس نام کا کوئی ملازم موجود نہیں تھا۔ ٹیکسی ڈرائیور نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔ وزارت کے مطابق تحقیقات میں اس آن لائن رابطے کو بھی غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کا ایجنٹ قرار دیا گیا۔

ان واقعات کے بعد چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی انٹیلی جنس عناصر آن لائن دوستی، محبت اور جذباتی تعلقات کے ذریعے اعتماد حاصل کر کے لوگوں کو قانونی اور سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر آمادہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق بے روزگار افراد اور اضافی آمدنی کے خواہش مند شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جہاں انہیں تصاویر بنانے، ویڈیوز ریکارڈ کرنے یا مخصوص مقامات پر معلومات جمع کرنے کے عوض رقم کی پیشکش کی جاتی ہے۔ اسی طرح بعض اوقات معمولی مدد یا ہنگامی ضرورت کا بہانہ بنا کر حساس اداروں، تنصیبات اور داخلی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

چینی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مشکوک آن لائن تعلقات، غیر معمولی ملازمتوں اور ایسی درخواستوں سے محتاط رہیں جن میں فوجی تنصیبات، حساس مقامات یا داخلی دستاویزات سے متعلق معلومات جمع کرنے کو کہا جائے۔ کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ قومی سلامتی کے اداروں کو اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔