ماسکو (صداۓ روس)
روس کے دارالحکومت ماسکو نے چین کے ساتھ صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ماسکو کے نائب میئر Maxim Liksutov نے کہا ہے کہ شہر چینی شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ چینی شہر Shanghai کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق چین انجینئرنگ، آٹومیشن اور پیداوار کے پھیلاؤ میں نمایاں مہارت رکھتا ہے، جبکہ ماسکو صنعتی بنیاد، تربیت یافتہ افرادی قوت اور منصوبوں کی مقامی سطح پر تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ماسکو کا ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ میخائل لیکسوتوف کے مطابق شنگھائی ٹیکنالوجی، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے، جہاں مشین ٹولز کی صنعت کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت چین اس شعبے میں دنیا کا رہنما ہے اور عالمی مشین ٹولز برآمدات کا 21.6 فیصد حصہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صنعت میں نئی پیش رفت اور رجحانات سے آگاہی ضروری ہے تاکہ ماسکو کے انجینئرز اور صنعت کار چینی تجربات سے سیکھ کر اپنی ٹیکنالوجی کو مزید بہتر اور معیاری بنا سکیں۔ دورے کے دوران ماسکو کا وفد چین کے مشینی مراکز کا بھی جائزہ لے گا۔ نائب میئر کے مطابق ماسکو عمودی نقل و حمل کے شعبے میں بھی تعاون کے لیے تیار ہے، کیونکہ شہر میں تیزی سے نئی رہائشی آبادیاں، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ حب تعمیر ہو رہے ہیں، جن کے لیے قابل اعتماد لفٹس، ایلیویٹرز اور ایسکلیٹرز کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برقی ٹرانسپورٹ کی ترقی بھی ایک اہم شعبہ ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔