پاکستان نے سعودی عرب میں لڑاکا طیارے بھیج دیے گئے

JF-17 Thunder JF-17 Thunder

اسلام آباد (صداۓ روس)

پاکستان نے دفاعی تعاون کے تحت سعودی عرب میں فوجی دستے اور لڑاکا طیارے تعینات کر دیے ہیں تاکہ خطے میں سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیارے مشرقی صوبے میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ چکے ہیں۔ اس تعیناتی کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور فوجی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے. بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان آپریشنل تیاری میں اضافہ ہوگا اور مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی جب حالیہ ایرانی حملوں کے بعد سعودی عرب کی توانائی تنصیبات کو خطرات لاحق ہوئے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ ایک پاکستانی حکومتی عہدیدار نے واضح کیا کہ یہ فوجی دستے کسی حملے کے لیے نہیں بلکہ دفاعی مقاصد کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد سعودی عرب کو یقین دہانی کرانا ہے کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں اس کے ساتھ کھڑا ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل کے تناظر میں بھی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان گزشتہ سال ایک اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔