ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر صدر پوتن آج عظیم محب وطن جنگ کے آغاز کی 85ویں برسی کے موقع پر ماسکو کے الیگزینڈر گارڈن میں واقع نامعلوم سپاہی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کریملن کے مطابق صدر پوتن اس موقع پر ہیرو سٹیز اور “شہرِ عسکری عظمت” کا اعزازی لقب حاصل کرنے والے شہروں کی یادگاروں پر بھی پھول رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ روس میں 22 جون کو “یومِ یاد و سوگ” کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی روز 1941 میں نازی جرمنی نے سوویت یونین پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد عظیم محب وطن جنگ کا آغاز ہوا۔ یہ جنگ تقریباً چار سال جاری رہی اور اس میں کروڑوں سوویت شہری جان کی بازی ہار گئے۔
صدر پوتن ہر سال اس یادگاری تقریب میں شرکت کرتے ہیں اور سوویت فوجیوں، محاذِ جنگ کے کارکنوں اور جنگ کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ کورونا وبا کے دوران بھی، جب سخت وبائی پابندیاں نافذ تھیں، صدر پوتن نے اس روایت کو برقرار رکھا اور نامعلوم سپاہی کی قبر پر حاضری دے کر جنگ کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ روس بھر میں آج مختلف یادگاری تقریبات، خاموشی کے لمحات، شمع روشن کرنے کی تقاریب اور پھول چڑھانے کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نازی جرمنی کے خلاف جنگ میں جان قربان کرنے والوں کی یاد کو تازہ رکھا جا سکے۔