چار فریقی اجلاس میں خطے کی کشیدگی اور جنگ بندی پر مشاورت مکمل

Pakistan Pakistan

اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم چار فریقی مشاورتی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی، خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری سے معاملات حل کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی توثیق کے ساتھ ساتھ ایران سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ شرکاء نے امن و استحکام کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری پر زور دیا جبکہ علاقائی ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے پہلے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔ ایران کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی سخت مذمت کی اور جنگ روکنے کی کوششوں کے لیے اس چار فریقی اجلاس سے متعلق بات کی۔ مہمان وزرائے خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ یہ اجلاس پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں کا حصہ ہے جو خطے میں استحکام لانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔