روس مخالف جنرل جرمن فوج کے سربراہ تعینات

Christian Freuding Christian Freuding

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جرمنی کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل کرسچن فرویڈنگ کو ملک کا اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل جرمنی کی بری فوج کی قیادت کر چکے ہیں اور کیف کی بھرپور حمایت اور روس کے خلاف سخت گیر موقف کے لیے جانے جاتے ہیں۔ فرویڈنگ فروری 2027 میں بنڈسویر کے انسپکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے، جو جرمنی کے کیریئر افسر کے لیے سب سے اعلیٰ عہدہ ہے۔ وہ ایک اور معروف روس مخالف جنرل کارسٹن بروئر کی جگہ لیں گے، جو نیٹو ملٹری کمیٹی کی قیادت کے لیے جا رہے ہیں۔

وزیر دفاع بورس پیسٹوریس نے جمعرات کے روز اس تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل کے پاس ہمارے فوجیوں کے لیے رول ماڈل بننے اور انہیں ایک نئے دور میں لے جانے کے لیے تمام ضروری قابلیت موجود ہے۔ انہوں نے جنرل کو تیزی سے درست فیصلے کرنے اور کیف اور ماسکو کے درمیان جاری تنازعے سے نتائج اخذ کرنے پر بھی سراہا۔ فرویڈنگ نے حالیہ برسوں میں جرمنی کے بڑے پیمانے پر فوجی استعداد کار بڑھانے کے دوران تیزی سے ترقی کی ہے۔ یوکرین تنازعے کے بڑھنے کے بعد انہیں کیف کے لیے ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدوں پر کارروائی کرنے والا ایک خصوصی یونٹ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی، جو فنانشل ٹائمز کے مطابق معمول کے طریقہ کار کو نظرانداز کرتے ہوئے دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں کیف کے مطالبات کی منظوری دے سکتا ہے۔