ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ کسی بھی روسی وزیر داخلہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اسلام آباد آمد پر پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورۂ پاکستان کے دوران ولادیمیر کولوکولتسیف پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان حالیہ مہینوں میں ہونے والی متعدد ملاقاتوں کا تسلسل ہے۔ جولائی میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اپنے روسی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی، جبکہ دونوں فریقین نے وزارتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط پر بھی اتفاق کیا تھا۔ اس ملاقات میں خطے میں، خاص طور پر افغانستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مربوط حکمت عملی پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔ اس سے قبل بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر محسن نقوی اور ولادیمیر کولوکولتسیف نے غیر قانونی ہجرت اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔